کالاش کی وادیاں: سیاحت کس کے لیے؟
تحریر و تصاویر: ڈاکٹر محمد کاشف علی
ہندوکش کے پہاڑوں میں مستور کالاش کی وادیاں اپنے قدرتی حسن، منفرد ثقافتی روایات اور صدیوں پر محیط تاریخی شناخت کے باعث مسافروں کو اپنی طرف متوجہ کرتی رہی ہیں۔ کہیں دریا پتھروں سے ٹکراتا ہوا آگے بڑھتا ہے، کہیں سیب اور انجیر کے درختوں کے درمیان بنے گھر دکھائی دیتے ہیں اور کہیں پہاڑی ڈھلوانوں پر واقع کھیت انسانی محنت اور فطرت کے باہمی تعلق کی کہانی سناتے ہیں۔ ان وادیوں میں داخل ہوتے ہی محسوس ہوتا ہے کہ یہاں صرف ایک خوب صورت منظر نہیں بلکہ ایک ایسا معاشرہ آباد ہے جس کی زبان، عقائد، لباس، موسیقی اور اجتماعی زندگی کے اپنے رنگ ہیں۔
چترال کی وادیوں بمبوریت، رمبور اور بریر میں آباد کالاش اپنی مذہبی روایات، مخصوص لباس اور جوشی، اچاؤ اور چاؤموس جیسے تہواروں کے باعث پاکستان کے دوسرے علاقوں سے نمایاں طور پر مختلف دکھائی دیتے ہیں۔ گزشتہ دو دہائیوں میں یہاں سیاحوں کی آمد بڑھی ہے، رہائش کے امکانات میں اضافہ ہوا ہے اور سوشل میڈیا نے کالاش کی ثقافت کو وسیع تر دنیا تک پہنچا دیا ہے۔ اب تہواروں کے دنوں میں ملک کے مختلف شہروں سے لوگ ان وادیوں کا رخ کرتے، تصاویر بناتے اور اپنے تجربات دوسروں کے ساتھ شیئر کرتے ہیں۔ یہ بڑھتی ہوئی دلچسپی کالاش کے لیے نئے معاشی مواقع پیدا کرتی ہے، لیکن اس کے ساتھ ایک اہم سوال بھی سامنے آتا ہے: کیا سیاحوں کی آمد سے مقامی لوگوں کو اتنا ہی فائدہ پہنچ رہا ہے جتنا ان کی ثقافت کو دیکھنے والے حاصل کرتے ہیں؟ کسی علاقے کی مقبولیت اور وہاں کے باشندوں کی خوش حالی ایک ہی چیز نہیں، کیونکہ سیاحت روزگار پیدا کرنے کے ساتھ مقامی لوگوں کی نجی زندگی، مذہبی حدود اور روزمرہ معمولات پر دباؤ بھی ڈال سکتی ہے۔ کالاش میں سیاحت کے بدلتے ہوئے اثرات کو سمجھنے کے لیے اس کے فوائد اور مسائل، دونوں کو مقامی لوگوں کے تجربات کی روشنی میں دیکھنا ضروری ہے۔
میں نے پہلی مرتبہ 2007 میں کالاش کی وادیوں کا سفر کیا تھا، جب یہاں پہنچنا آج کی نسبت زیادہ دشوار تھا۔ رہائش کے امکانات محدود تھے، دکانیں کم تھیں اور موبائل نیٹ ورک نہ ہونے کے باعث رابطے کے لیے مقامی دوستوں اور میزبانوں پر انحصار کرنا پڑتا تھا۔ کسی گاؤں تک جانے، کسی بزرگ سے ملاقات کرنے یا رات گزارنے کے لیے جگہ تلاش کرنے میں مقامی لوگوں کی مدد اہم ہوتی تھی؛ یوں سفر صرف راستہ طے کرنے کا نام نہیں تھا بلکہ لوگوں سے تعلق قائم کرنے، ان کی باتیں سننے اور ان کے معمولات کو قریب سے دیکھنے کا موقع بھی فراہم کرتا تھا۔
اس کے بعد مختلف مواقع پر ان وادیوں میں جانے کا موقع ملا تو یہاں کی زندگی میں بتدریج تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں۔ نسبتاً بہتر راستوں، رہائش کی نئی سہولتوں اور بڑھتی ہوئی سیاحتی سرگرمیوں نے مقامی لوگوں کے لیے آمدنی کے امکانات پیدا کیے، جب کہ بیرونی دنیا سے رابطہ بڑھنے کے ساتھ نئی ضروریات اور توقعات بھی سامنے آئیں۔ ان برسوں کے مشاہدات ہم کو یہ بتاتے ہیں کہ سیاحت کو صرف نعمت یا صرف مسئلہ قرار دینا درست نہیں؛ اس کے اثرات کا انحصار اس بات پر ہے کہ اس کی ترقی کس انداز میں ہوتی ہے اور مقامی لوگوں کو اپنے مستقبل کے بارے میں فیصلے کرنے کا کتنا اختیار حاصل ہے۔
لواری ٹنل سے کھلتے راستے
کالاش تک پہنچنے کے سفر میں لواری درے کی اپنی ایک تاریخ ہے۔ ایک زمانے میں برف باری کے دوران درہ لواری بند ہو جاتا تو چترال کا زمینی رابطہ متاثر ہوتا اور روزمرہ زندگی کے لیے ضروری اشیا کی فراہمی بھی مشکل ہو جاتی تھی۔ لواری ٹنل نے سفر کو نسبتاً آسان بنایا اور مقامی لوگوں کے لیے بھی علاج، تعلیم، تجارت اور ضروری سامان تک رسائی کے امکانات بہتر کیے۔ چترال کے ممتاز مورخ پروفیسر ڈاکٹر عنایت اللہ فیضی سے گفتگو کے دوران لواری درے کی پرانی مشکلات کا ذکر آیا تو انہوں نے بتایا کہ جب برف باری سے راستہ بند ہو جاتا تھا تو چترال کے لوگ کبھی کبھی تازہ دھنیا، ہری مرچ اور ٹماٹر جیسی معمولی چیزوں کے لیے بھی ترس جاتے تھے۔ یہ بظاہر ایک سادہ سی بات تھی، مگر اس میں پہاڑی علاقوں کی تنہائی اور بیرونی دنیا سے رابطے کی اہمیت پوشیدہ تھی۔ شہروں میں رہنے والوں کے لیے یہ چیزیں روزمرہ خریداری کا حصہ ہیں، لیکن کسی دور افتادہ علاقے میں راستہ بند ہونے سے یہی معمولی ضروریات بھی مشکل بن سکتی ہیں۔
آج جب کوئی سیاح نسبتاً آسان سفر کرکے کالاش پہنچتا ہے تو ممکن ہے اسے اندازہ نہ ہو کہ بہتر رابطے مقامی آبادی کے لیے کتنی اہمیت رکھتے ہیں۔ تاہم راستوں کی بہتری اور سیاحت کے فروغ کو ایک ہی چیز سمجھنا بھی درست نہیں، کیونکہ بہتر رابطے مقامی لوگوں کی بنیادی ضروریات پوری کرنے میں مدد دیتے ہیں، جب کہ سیاحت سے پیدا ہونے والے مسائل کا تعلق اس بات سے ہے کہ آنے والوں کی تعداد اور سرگرمیوں کے درمیان مقامی سہولتوں اور زندگی کے معمولات سے کس حد تک توازن قائم رہتا ہے۔
گھروں میں مہمان، خاندانوں کے لیے روزگار
کالاش میں سیاحت کے معاشی فوائد کو سمجھنے کے لیے کسی بڑے ہوٹل یا تجارتی منصوبے کی مثال ضروری نہیں۔ کبھی چند کمروں پر مشتمل ایک چھوٹا سا گیسٹ ہاؤس بھی کسی خاندان کے لیے آمدنی کا اہم ذریعہ بن جاتا ہے۔ رمبور کے گاؤں گروم میں شاہ جوان کے بیٹے منیر کا ایک چھوٹا سا گیسٹ ہاؤس ہے، جہاں تین چار کمرے اور سامنے ایک لان ہے۔ سیب اور انجیر کے درختوں کے درمیان واقع اس جگہ کے قریب رمبور ندی بہتی ہے، جس کی آواز وہاں قیام کی یادوں کا حصہ بن جاتی ہے۔ منیر کے ہاں قیام کا خوش گوار پہلو وہاں کا گھریلو ماحول تھا۔ کھانے اور مہمان نوازی میں ایسی بے تکلفی محسوس ہوتی تھی جو کسی بڑے ہوٹل کے رسمی انتظام سے مختلف ہے۔ مقامی خاندان کے ساتھ بیٹھنے اور اس کے روزمرہ معمولات دیکھنے سے مسافر کو علاقے کی زندگی کا ایسا رخ دکھائی دیتا ہے جو محض سیاحتی مقامات کی سیر سے سامنے نہیں آتا۔ اس نوعیت کی رہائش سے مقامی خاندان کو براہ راست آمدنی بھی حاصل ہوتی ہے، کیونکہ مہمانوں کے قیام اور خوراک پر خرچ ہونے والی رقم اسی گھرانے تک پہنچتی ہے۔
رمبور ہی کے گاؤں بھٹیٹ میں انجینر خان کے گھر قیام کی یاد بھی میرے ذہن میں محفوظ ہے۔ انجینر ان کا نام ہے، پیشہ نہیں؛ انہوں نے اپنے گھر کے دو کمرے مہمانوں کے لیے مخصوص کر رکھے ہیں۔ 2015 میں اپنے خاندان کے ساتھ وہاں ٹھہرا تو گھر کے کھانے میں دہی کے ساتھ اخروٹ کی چٹنی کا ذائقہ آج تک یاد ہے۔ سفر کی بعض یادیں کسی بڑے منظر یا تاریخی مقام سے وابستہ نہیں ہوتیں، بلکہ کسی گھر کے کھانے، میزبان کی بات یا مقامی زندگی کے کسی معمولی تجربے میں محفوظ ہو جاتی ہیں۔ انجینر خان کی چھوٹی بیٹی سائرہ کالاش سے ہونے والی گفتگو بھی مجھے یاد ہے۔ کم عمری میں اس نے پاکستان کے لیے کرکٹ کھیلنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ اس کی بات میں ایک ایسی خود اعتمادی تھی جو کسی بچے کے خواب کو یادگار بنا دیتی ہے؛ بعد میں پاکستان کی قومی خواتین ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے اسکواڈ میں اس کی شمولیت نے اس پرانی ملاقات کو میرے لیے مزید معنی خیز بنا دیا۔ ایک پہاڑی گاؤں کی بچی کا خواب ہمیں یاد دلاتا ہے کہ کالاش کے بچے بھی ملک کے دوسرے حصوں کے بچوں کی طرح تعلیم، کھیل اور زندگی کے مختلف شعبوں میں آگے بڑھنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ ان کی شناخت کو صرف لباس اور ثقافتی روایات تک محدود کر دینا ان کی انفرادی صلاحیتوں اور امنگوں کو نظر انداز کرنے کے مترادف ہوگا۔
بالانگورو میں سیف اللہ جان کا اپنا گیسٹ ہاؤس ہے، اور مہمانوں کے استقبال کے بارے میں ان کا بھی ذاتی انداز ہے۔ مقامی لوگوں کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنے کاروبار اور مہمان نوازی کے بارے میں اپنی ترجیحات رکھیں؛ سیاح کو یہ نہیں سمجھنا چاہیے کہ کسی جگہ رہائش کی سہولت موجود ہونے کا مطلب یہ ہے کہ میزبان ہر وقت ہر قسم کی فرمائش پوری کرنے کا پابند ہے۔ احترام پر مبنی تعلق اسی وقت قائم ہوتا ہے جب مہمان اپنی خواہشات کے ساتھ میزبان کی ترجیحات کو بھی اہمیت دے۔
یہ چھوٹے گیسٹ ہاؤس سیاحت کی ایسی صورت پیش کرتے ہیں جس میں آمدنی مقامی خاندانوں تک پہنچ سکتی ہے، مگر ہر شخص کو یکساں مواقع حاصل نہیں ہوتے۔ کسی کے پاس رہائش کے لیے مناسب جگہ، سرمایہ یا کاروباری تجربہ ہوتا ہے، جب کہ کسی دوسرے کے لیے ان سہولتوں کا انتظام مشکل ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد سے حاصل ہونے والا فائدہ پوری آبادی میں خود بخود برابر تقسیم نہیں ہوتا۔
تین وادیاں، مختلف حالات
بمبوریت، رمبور اور بریر ایک ہی ثقافتی خطے کا حصہ ہونے کے باوجود سیاحت کے اعتبار سے مختلف صورت حال رکھتے ہیں۔ بمبوریت میں سیاحتی سرگرمیاں زیادہ نمایاں ہیں؛ رہائش، دکانوں اور دوسری سہولتوں میں اضافے کے ساتھ سیاحت روزمرہ زندگی کا اہم حصہ بن چکی ہے۔ رمبور میں بھی سیاح آتے ہیں اور مقامی خاندانوں نے مہمانوں کی رہائش اور ضروریات پوری کرنے کے لیے مختلف انتظامات کیے ہیں، جب کہ بریر نسبتاً کم سیاحتی توجہ حاصل کرتا رہا ہے۔ بریر کے میرے سفر اس فرق کو سمجھنے میں مدد دیتے ہیں۔ 2007 میں پہلی مرتبہ وہاں جانے اور 2017 میں قیام کے دوران مجھے ایسی بڑی تبدیلی محسوس نہیں ہوئی جیسی بمبوریت میں دکھائی دیتی ہے۔ کچھ دکانیں اور رہائش کے امکانات ضرور بڑھے تھے، مگر ہوٹلوں اور بازار والا ماحول اسی درجے میں سامنے نہیں آیا۔ تراب خان کا چھوٹا سا گیسٹ ہاؤس اور محدود کاروباری سرگرمیاں اس بات کی یاد دلاتی ہیں کہ ایک ہی ثقافتی علاقے کی مختلف وادیوں میں تبدیلی کی رفتار اور نوعیت مختلف ہو سکتی ہے۔
کیا بریر کو بھی بمبوریت جیسی سیاحت کی طرف لے جانا چاہیے؟ اس سوال کا جواب صرف زیادہ ہوٹل بنانے یا سیاحوں کی تعداد بڑھانے میں تلاش نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ ہر وادی کی جغرافیائی صورت، مقامی ضروریات اور ترجیحات مختلف ہو سکتی ہیں۔ ممکن ہے بریر کے لیے چھوٹے گیسٹ ہاؤس، مقامی گائیڈ اور ایسے مسافروں کو ترجیح دینا زیادہ مناسب ہو جو علاقے میں وقت گزارنے اور اس کی زندگی کو سمجھنے میں دلچسپی رکھتے ہوں، بشرطیکہ یہ طریقہ مقامی لوگوں کی خواہشات سے مطابقت رکھتا ہو۔
سیاحت کے معاشی اثرات بھی ہر جگہ یکساں نہیں ہوتے۔ جہاں ہوٹلوں، ٹرانسپورٹ اور کاروباری سرگرمیوں کا بڑا نیٹ ورک قائم ہو، وہاں فائدہ بعض بڑے کاروباروں یا زیادہ وسائل رکھنے والے افراد تک محدود رہ سکتا ہے۔ اگر سیاح اپنی گاڑیوں میں آئیں، خوراک اور سامان بھی ساتھ لائیں، مقامی رہائش استعمال نہ کریں اور بہت کم خریداری کے بعد واپس چلے جائیں تو ان کی موجودگی سے مقامی معیشت کو محدود فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ اس کے برعکس مقامی رہائش، خوراک، رہنمائی اور دست کاری پر خرچ ہونے والی رقم زیادہ خاندانوں تک پہنچ سکتی ہے۔
اس لیے بہتر سیاحت کا مطلب صرف زیادہ سیاح لانا نہیں بلکہ مقامی لوگوں کے لیے معاشی مواقع پیدا کرنا بھی ہے۔ چھوٹے کاروباروں کی حوصلہ افزائی، مقامی مصنوعات کی فروخت اور مقامی گائیڈز کی خدمات ایسے طریقے ہیں جن سے سیاحت کی آمدنی علاقے کے اندر گردش کر سکتی ہے۔ تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ مقامی لوگوں کو کاروبار کے لیے بنیادی سہولتیں میسر ہوں اور سیاحتی منصوبہ بندی میں ان کی رائے کو حقیقی اہمیت دی جائے۔
جوشی کا تہوار اور کیمروں کا ہجوم
کالاش کے تہواروں کی کشش ان کی مذہبی اور ثقافتی اہمیت میں ہے، لیکن یہی کشش بعض اوقات مقامی شرکا کے لیے مشکلات بھی پیدا کرتی ہے۔ میں نے 2008 میں رمبور اور بمبوریت میں جوشی دیکھا تھا، جب تہوار کے دوران مقامی لوگوں کے ساتھ سیاح بھی موجود ہوتے تھے۔ وقت گزرنے کے ساتھ بڑے تہواروں کے دنوں میں ہجوم زیادہ نمایاں ہوا ہے؛ بعض مقامات، خصوصاً چارسو یا گری کے اردگرد، باہر سے آنے والے لوگوں اور کیمروں کی موجودگی اس قدر بڑھ جاتی ہے کہ خود کالاش لوگوں کے لیے تہوار میں آزادانہ شرکت اور اپنی روایات کے مطابق سرگرمیاں جاری رکھنا مشکل ہو جاتا ہے۔
یہاں ایک بنیادی فرق سمجھنے کی ضرورت ہے کہ تہوار مقامی لوگوں کی مذہبی اور اجتماعی زندگی کا حصہ ہیں، جب کہ سیاح انہیں دیکھنے کے لیے آتے ہیں۔ دونوں کی موجودگی ایک دوسرے کے ساتھ چل سکتی ہے، مگر اس کے لیے ضروری ہے کہ دیکھنے والوں کی خواہشات مقامی لوگوں کے مذہبی حقوق اور سرگرمیوں پر حاوی نہ ہوں۔ تہوار کوئی ایسا پروگرام نہیں جس میں ہر منظر مہمانوں کی توقع کے مطابق پیش کیا جائے؛ اس کی اپنی ترتیب، اپنے معنی اور اپنی حدود ہیں، جن کا احترام کیا جانا چاہیے اور بدقسمتی سے زیادہ تر سیاح اس میں ناکام رہتے ہیں۔ کسی رسم کے دوران بہت قریب کھڑے ہو کر مسلسل تصاویر بنانا، رقص کے دائرے میں بلا اجازت داخل ہونا یا مقامی لوگوں کو بار بار کیمرے کے سامنے آنے کے لیے کہنا بظاہر معمولی باتیں محسوس ہوتی ہیں، لیکن ان سے تہوار کے شرکا کی توجہ بٹ جاتی ہے اور ان کے لیے اپنی مذہبی سرگرمیوں میں حصہ لینا دشوار ہو جاتا ہے۔ جب کیمروں کا ہجوم خود تقریب کا نمایاں حصہ بن جائے تو سوال پیدا ہوتا ہے کہ آیا تہوار اپنی اصل صورت میں جاری ہے یا اسے دیکھنے والوں کی توقعات کے مطابق ڈھالنے کا دباؤ بڑھ رہا ہے۔
کالاش کی ثقافت کو دنیا میں پہچان ملنا ایک اہم بات ہے، لیکن ثقافتی شناخت کی نمائندگی اور اسے تماشے میں تبدیل کرنے کے درمیان فرق بھی موجود ہے۔ اگر کسی تہوار کو صرف رنگین لباس، موسیقی اور رقص کے مناظر تک محدود کر دیا جائے تو اس کا مذہبی پس منظر اور مقامی لوگوں کے لیے اس کی اہمیت نظروں سے اوجھل ہو جاتی ہے۔ تہوار کو سمجھنے کے لیے یہ جاننا بھی ضروری ہے کہ اس کا تعلق مقامی روایات اور اجتماعی زندگی سے کس طرح قائم ہوتا ہے۔
ایک تصویر کا دوسرا رخ
سن دو ہزار بارہ میں رمبور کے گاؤں گروم میں منیر کے گیسٹ ہاؤس میں قیام کے دوران ایک واقعہ پیش آیا جس نے مجھے سیاحت کے ایک ایسے پہلو کی طرف متوجہ کیا جسے اکثر نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔ منیر کے گھر کے بچے مجھ سے مانوس تھے، مگر انہی دنوں میں نے محسوس کیا کہ اس کی ایک چھوٹی بیٹی اجنبی لوگوں سے گھبرانے لگی ہے۔ اس کی بڑی بہن نے بتایا کہ کچھ سیاحوں نے چند روز پہلے اس بچی کو اس کی مرضی کے بغیر پکڑ کر اپنے سامنے کھڑا کیا تاکہ گروپ تصویر بنائی جا سکے؛ اس واقعے کے بعد بچی باہر سے آنے والے لوگوں سے خوف محسوس کرنے لگی تھی۔ یہ مختصر سا واقعہ میرے لیے اہم تھا، کیونکہ جس تصویر کو بنانے والا اپنے سفر کی ایک معمولی یاد سمجھتا ہے، وہ تصویر میں موجود بچے کے لیے خوف یا ناگواری کا سبب بھی بن سکتی ہے۔ سیاح کسی منفرد لباس، چہرے یا منظر کو دیکھ کر فوراً کیمرہ نکال لیتے ہیں، مگر یہ بھول جاتے ہیں کہ تصویر میں موجود شخص کی بھی اپنی مرضی ہے۔ کسی بچے کو زبردستی تصویر کے لیے کھڑا کرنا، کھیت میں کام کرتی عورت کے سامنے بلا اجازت کیمرہ تان دینا یا کسی گھر کے اندر جا کر لوگوں کی تصاویر بنانا دوسرے انسان کے اختیار اور نجی زندگی کو نظر انداز کرنا ہے۔
کالاش کے گاؤں میں گھروں، کھیتوں اور گلیوں کے درمیان فاصلہ کم ہونے کے باعث مسافر کو بعض اوقات محسوس ہوتا ہے کہ وہ آسانی سے ہر جگہ جا سکتا ہے، لیکن کسی گھر کا در کھلا ہونے یا کسی خاندان کے باہر بیٹھے ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ اس کی نجی زندگی بھی سب کے لیے کھلی ہے۔ گھر میں داخل ہونے سے پہلے اجازت لینا، تصویر بنانے سے پہلے رضامندی حاصل کرنا اور انکار کی صورت میں اصرار نہ کرنا ایسے بنیادی آداب ہیں جن پر عمل کے لیے کسی خصوصی تربیت کی ضرورت نہیں، صرف دوسرے انسان کے احساسات کا خیال رکھنا کافی ہے۔ یہ مسئلہ خواتین کے معاملے میں مزید حساس ہو جاتا ہے۔ بعض سیاح کالاش کی خواتین کے لباس اور ظاہری انفرادیت کو اس قدر غیر معمولی سمجھتے ہیں کہ ان کی روزمرہ سرگرمیوں کو بھی تصویری منظر میں بدل دیتے ہیں۔ اس رویے کے پیچھے کبھی تجسس ہوتا ہے اور کبھی سوشل میڈیا کے لیے منفرد مواد حاصل کرنے کی خواہش، لیکن وجہ جو بھی ہو، مقامی خواتین کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنی مرضی کے بغیر کسی تصویر یا ویڈیو کا حصہ نہ بنیں۔ ثقافت سے دلچسپی کا مطلب یہ نہیں کہ اس ثقافت سے تعلق رکھنے والے ہر فرد کی زندگی تک رسائی بھی حاصل ہو گئی ہے۔
ثقافت کو سمجھنے کا راستہ
کالاش کے بارے میں بیرونی دنیا میں بننے والی تصاویر اور تصورات بھی سیاحوں کے رویوں پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ جب کسی معاشرے کو مسلسل پراسرار یا غیر معمولی قرار دے کر صرف رقص، لباس اور چند مخصوص روایات کے حوالے سے پیش کیا جاتا ہے تو لوگ وہاں پہنچنے سے پہلے ہی ایک ذہنی تصویر بنا لیتے ہیں اور پھر اسی کے مطابق مناظر تلاش کرتے ہیں۔ اس طرح ایک زندہ معاشرہ چند مخصوص علامتوں میں محدود ہو جاتا ہے، جب کہ اس کی روزمرہ زندگی، معاشی ضروریات، مذہبی ترجیحات اور مستقبل کے خواب پس منظر میں چلے جاتے ہیں۔
اس تناظر میں مقامی گائیڈز کا کردار خاص اہمیت رکھتا ہے۔ رمبور میں ظفر اور صدام، بریر میں قاضی میر باچا اور تراب خان، جب کہ بمبوریت میں عمران کبیر اور اشفاق احمد جیسے گائیڈز سیاحوں کو راستوں کے ساتھ مقامی تاریخ اور ثقافتی آداب سے بھی واقف کرا سکتے ہیں۔ قاضی میر باچا، مثال کے طور پر، مہاندیو کے قریب چشمے سے وابستہ نانگا دیہار (کاہن) کی روایت بیان کر سکتے ہیں، جس سے مسافر کو اس مقام کو صرف ایک قدرتی منظر کے بجائے مقامی عقیدے کے تناظر میں سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔ ایسی رہنمائی سیاحت کو تصاویر جمع کرنے کے عمل سے نکال کر علم اور انسانی تعلق کا ذریعہ بنا سکتی ہے، جب کہ مقامی رہنماؤں کے لیے آمدنی کا ایک اضافی موقع بھی فراہم کرتی ہے۔
سیاحت کس کے لیے؟
کالاش میں سیاحت کے مسائل کا حل سیاحوں کی آمد روکنے میں نہیں بلکہ اسے مقامی لوگوں کے لیے زیادہ مفید اور ثقافتی طور پر ذمہ دار بنانے میں ہے۔ تہواروں کے دوران ہجوم کا مناسب انتظام، مقدس مقامات کے احترام، تصویر بنانے کے آداب اور نجی زندگی کے تحفظ سے متعلق واضح رہنمائی ضروری ہے۔ مقامی لوگوں کو ان انتظامات میں مرکزی کردار ملنا چاہیے، کیونکہ وہ اپنی روایات اور ضروریات کو باہر سے آنے والوں کی نسبت بہتر طور پر سمجھتے ہیں۔ معاشی سطح پر چھوٹے گیسٹ ہاؤس، گھریلو رہائش، مقامی خوراک، دست کاری اور رہنمائی کی خدمات زیادہ خاندانوں کو فائدہ پہنچا سکتی ہیں۔ اس کے ساتھ کچرے کی مناسب تلفی، صاف پانی اور بنیادی سہولتوں کی بہتری پر توجہ دینا بھی ضروری ہے، کیونکہ سیاحوں کی آمد سے پیدا ہونے والا دباؤ مقامی ماحول اور روزمرہ زندگی کو متاثر کر سکتا ہے۔ سیاحت کی منصوبہ بندی میں مقامی آبادی کی رائے ابتدا ہی سے شامل ہو تو ایسے انتظامات بنائے جا سکتے ہیں جو معاشی فائدے اور ثقافتی احترام کے درمیان بہتر توازن پیدا کریں۔ ضروری نہیں کہ ہر وادی زیادہ ہوٹلوں اور زیادہ ہجوم کے ذریعے ترقی کرے۔ بریر جیسے علاقے کے لیے محدود تعداد میں آنے والے ایسے مسافروں پر توجہ دینا مناسب ہو سکتا ہے جو مقامی زندگی کو سمجھنے میں دلچسپی رکھتے ہوں، جب کہ بمبوریت اور رمبور میں موجود سیاحتی سرگرمیوں کے انتظام کو بہتر بنانے کی ضرورت ہو سکتی ہے۔ ہر وادی کے حالات مختلف ہیں، اس لیے فیصلے بھی مقامی ضروریات اور ترجیحات کے مطابق ہونے چاہییں۔ ترقی کا پیمانہ صرف عمارتوں، دکانوں یا سیاحوں کی تعداد میں اضافہ نہیں بلکہ مقامی لوگوں کے لیے بہتر زندگی، زیادہ اختیار اور ثقافتی وقار بھی ہونا چاہیے۔
تقریباً دو دہائیوں کے کالاش کے اسفار نے مجھے یہ احساس دلایا ہے کہ کسی علاقے کی خوب صورتی دیکھنے اور اس کے لوگوں کی زندگی کو سمجھنے میں فرق ہوتا ہے۔ ایک مسافر چند دن میں بہت سی تصاویر بنا سکتا ہے اور کئی مقامات دیکھ کر واپس جا سکتا ہے، لیکن اس کے باوجود ممکن ہے کہ وہ مقامی لوگوں کے احساسات اور ضروریات کو نہ سمجھ سکے۔ اس کے برعکس کوئی مسافر مقامی گھر میں ٹھہرے، میزبان کے ساتھ کھانا کھائے، رہنما سے علاقے کی تاریخ سنے اور لوگوں کی حدود کا احترام کرے تو اس کا مختصر قیام بھی زیادہ بامعنی بن سکتا ہے۔
کسی وادی کی خوب صورتی دیکھنے کے لیے وہاں پہنچ جانا کافی ہو سکتا ہے، مگر اس کی روح کو سمجھنے کے لیے وہاں کے لوگوں کو سننا پڑتا ہے۔ کالاش میں بھی اصل سوال یہ نہیں کہ کتنے سیاح آئے اور کتنی تصاویر بنیں، بلکہ یہ ہے کہ ان کی آمد سے مقامی لوگوں کی زندگی میں کیا تبدیلی آئی، ان کی روایات اور نجی حدود کا کتنا احترام ہوا اور سیاحت کے فوائد کس حد تک ان تک پہنچے۔ شاید ایک ذمہ دار مسافر کی پہچان یہی ہے کہ وہ کسی جگہ سے واپس آتے ہوئے صرف یادگار تصاویر ہی نہیں لاتا بلکہ وہاں کے لوگوں کے لیے احترام اور سمجھ بوجھ کا احساس بھی اپنے ساتھ لے کر آتا ہے۔

.png)


